قطر ایئر ویز کو عالمی درجہ بندی میں 2025 کی بہترین ایئر لائن قرار دے دیا گیا ہے اور وہ پانچ سال بعد دوبارہ نمبر ون پوزیشن پر آ گئی ہے۔ فضائی مسافروں کے حقوق کی عالمی تنظیم ایئر ہیلپ نے سالانہ رینکنگ جاری کی جس میں دنیا کی ایئر لائنز کو وقت کی پابندی، صارفین کی رائے اور کلیم پروسیسنگ کی بنیاد پر 10 میں سے اسکور دیا گیا۔
ایئر ہیلپ کی رپورٹ کے مطابق قطر ایئر ویز نے تینوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی اگرچہ وقت کی پابندی اور کلیم پروسیسنگ میں اس کی درجہ بندی بالترتیب دسویں اور پندرہویں رہی، لیکن مسافروں کی رائے میں شاندار اسکور نے اسے سب سے آگے لا کھڑا کیا۔ اس طرح قطر ایئر ویز نے اپنی سابقہ 2018 سے 2023 تک کی برتری کے بعد ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ون کا اعزاز حاصل کر لیا۔
درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات کی اتحاد ایئرویز دوسرے جبکہ برطانیہ کی ورجن اٹلانٹک تیسرے نمبر پر رہی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال عالمی ایئر لائنز کے درمیان مسابقت پہلے سے زیادہ سخت تھی تاہم سروس کے معیار اور شکایات کے بروقت حل نے قطر ایئر ویز کو دوبارہ سبقت دلائی۔