کراچی میں 35 ویں قومی گیمز کے انعقاد کے لیے شایان شان تیاریاں کی گئی ہیں لیکن گیمز کا ایک وینیو ایسا ہے جہاں پر ایتھلیٹس اور آفیشلز کو سانس لینا مشکل ہو رہی ہے۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر دو میں سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس میں قومی گیمز کے تین دسمبر سے کافی مقابلے منعقد کیے جائیں گے مگر ایتھلیٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے کمپلیکس کے ارد گرد جو کوڑا کچرہ اور گندگی، جراثیم وغیرہ پھیلے ہوئے ہیں اس کو صاف کیا جائے۔
سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی کہ کمپلیکس کے ارد گرد کوڑے کا انبار لگا ہوا ہے، کیونکہ یہ گاربیج ڈمپنگ گراؤنڈ ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر اسپورٹس حاجرہ نواز نے کہا کہ کہ کمپلیکس حالانکہ رہائشی علاقے میں ہے لیکن اس کوڑے وغیرہ کی وجہ سے پورے ماحول میں بدبو پھیلی ہوئی ہے اور ماحول بھی صحت کے لیے صحیح نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ متعلقہ حکام کو اس مسئلے کے بارے میں بتا چکی ہیں لیکن بجائے اس کے کہ صفائی کی جائے پچھلے کچھ دنوں سے اور زیادہ کوڑا لا کے ڈالا جا رہا ہے جس سے جو ایتھلیٹس اور ان کے آفیشلز کمپلیکس میں اپنے کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں ان کے لیے سانس بھی لینا مشکل ہے۔
یاد رہے کہ قومی گیمز کراچی میں 18 سال بعد منعقد ہو رہے ہیں اور صوبائی حکومت نے بھی ان کی کامیابی سے انعقاد پر بہت زور دیا ہے۔