فٹٹنس مسائل، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ایشیز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے باہر

image

کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ پیٹ کمنز اور نیتھن لیون انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے۔

26 دسمبر سے شروع ہونے والے ایشیز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز اور سینئر اسپنر نیتھن لیون ایشز سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق نیتھن لیون کی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث سرجری ناگزیر ہے، جس کے بعد وہ طویل عرصے تک میدان سے باہر رہیں گے۔ اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں تیز گیندباز جھے رچرڈسن اور آف اسپنر ٹوڈ مورفی کو شامل کیا گیا ہے، جو جمعہ سے میلبورن کرکٹ گرانڈ میں شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

آسٹریلیا پہلے ہی سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کرچکا ہے، جس نے پرتھ اور برسبین میں 8 وکٹوں جبکہ ایڈیلیڈ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے تصدیق کی کہ پیٹ کمنز سیریز کے باقی میچز میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمنز کی واپسی ایک طے شدہ منصوبے کے تحت تھی اور سیریز جیتنا اولین ہدف تھا، جو حاصل ہوچکا ہے۔ پیٹ کمنز اب فروری میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے مکمل فٹنس پر توجہ دیں گے۔ نیتھن لیون جو ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے، نے اسی میچ میں اپنی 564 ویں ٹیسٹ وکٹ حاصل کر کے گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑ دیا تھا اور آل ٹائم وکٹ لینے والوں کی فہرست میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔ تاہم اب انہیں سرجری کے باعث طویل وقفے کا سامنا ہوگا۔

سٹیو سمتھ، جو پہلے دو ٹیسٹ میچز میں پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں کپتانی کر چکے تھے، چوتھے ٹیسٹ میں دوبارہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سٹیون سمتھ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں چکر آنے کی شکایت کے باعث نہیں کھیل سکے تھے۔

ٹوڈ مورفی اپنے کیریئر کا پہلا ہوم ٹیسٹ کھیلنے کے قریب ہیں، جبکہ جھے رچرڈسن چار سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے امیدوار ہیں۔

دوسری جانب سکاٹ بولینڈ اور مچل سٹارک فاسٹ بولنگ کی قیادت کریں گے، جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈاگٹ اور رچرڈسن کے درمیان ایک جگہ کے لیے مقابلہ ہوگا۔

کوچ میکڈونلڈ نے مچل سٹارک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیریز میں اب تک شاندار فارم میں ہیں۔ مچل سٹارک تین ٹیسٹ میچوں میں 22 وکٹیں لے چکے ہیں اور بلے سے بھی قیمتی رنز بنا چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US