فلہم نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ناٹنگھم فارسٹ کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ رال جمینیز نے میچ کا فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم فلہم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 34 واں سیزن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے کریون کاٹیج میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں فلہم اور ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں فلہم کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ناٹنگھم فارسٹ کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ فلہم کے رال جمینیز نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ یہ فلہم کی لیگ میں ساتویں فتح ہے اور وہ 23 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 13ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
ای پی ایل میں تاحال آرسنل کی ٹیم سب سے زیادہ 39 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے اور مانچسٹرسٹی کی ٹیم 37 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔