برازیل کے شہرہ آفاق فٹبالر نیمار نے اپنے بائیں گھٹنے کی کامیاب سرجری کرائی ہے، جس کی تصدیق برازیل کی سیری اے کلب سانتوس نے کی ہے۔
شنہوا کے مطابق برازیلین قومی ٹیم کے ڈاکٹر روڈریگو لاسمار نے بیلو ہوریزونٹے کے جنوبی شہر کے میٹر ڈی نیویا لیمہ اسپتال میں یہ آرتھورو اسکوپی کی۔
سانتوس کے آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیمار کے گھٹنے کی سرجری کامیاب رہی ہے اور ان کی حالت ٹھیک ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ 33 سالہ برازیلین فٹبالر نیمار کو سرجری کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا اور وہ فوری طور پر اپنی فزیو تھراپی شروع کروائیں گے جس کی نگرانی فزیوتھراپسٹ رافیل مارٹینی کریں گے۔
اس سے قبل نیمار نے رواں ماہ کے شروع میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 2025 کی برازیلی سیزن کے دوسرے نصف حصے میں اس چوٹ کے ساتھ کھیل رہے تھے، لیکن انہوں نے سانتوس کو ریلیگیشن سے بچانے کے لیے درد کے باوجود کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کے سابق اسٹار نیمار نے رواں سال تمام مقابلوں میں صرف 28 میچز کھیلے، جن میں 11 گول کیے اور 4 اسسٹ فراہم کیں۔
اس سرجری کے بعد نیمار کے بارے میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ سانتوس کے ساتھ اپنے معاہدے کی تجدید کے لیے مذاکرات میں شدت لائیں گے، جو 31 دسمبر 2025 کو ختم ہو رہا ہے۔ سانتوس کی انتظامیہ معاہدہ کی تجدید کے حوالے سے پُرامید ہے اور وہ 2026 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں نیمار کو شامل دیکھنا چاہتے ہیں۔
نیمار کے لیے برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ 2026 ورلڈ کپ میں شرکت ایک اہم مقصد ہے، جس کا انہوں نے اپنی تعطیلات کے دوران عوامی طور پر اعلان کیا تھا۔