پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی توجہ حالیہ ہونے والے ایشیا کپ انڈر 19 فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کی منفی رویے کی طرف دلائے گا۔
پی سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین محسن نقوی نے سی ای او سمیر احمد کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ وہ آئی سی سی میں شکایت درج کریں کہ بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ 19 فائنل میں ٹھیک نہیں تھا۔
محسن نقوی لاہور میں میڈیا سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ فائنل میں بھارتی کھلاڑی مستقل پاکستانی کھلاڑیوں کو اشتعال دلاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپورٹس مین سپرٹ میں فائنل جیتا۔
پاکستان کی فاتح ٹیم کے منیجر اور مینٹور سرفراز احمد نے بھی میڈیا سے کہا کہ ان کو بہت افسوس ہوا بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ دیکھ کر۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو یہ تاکید کی تھی کہ کرکٹ ایک اچھے ماحول میں کھیلنے کی کوشش کریں اور کوئی الٹی سیدھی حرکت نہ کریں۔
دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی اے جی اے میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ بھارتی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان کو بلا کر پوچھیں گے کہ ان کی ٹیم فائنل میں کیسے اتنی بڑی شکست کھا گئی۔
بھارتی بورڈ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ دو تین کھلاڑیوں کے رویے پر وہ ضرور انکوائری کریں گے کیونکہ اس سے بھارت کی کرکٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔