انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر معین علی نے پاکستان سپر لیگ کے گیارھویں ایڈیشن میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ساؤتھ افریقا کے فاف ڈو پلیسی کے بعد اب معین علی نے بھی انڈین پریمیئر لیگ کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
معین علی رواں سال آئی پی ایل میں کولکتا نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم فرنچائز نے حال ہی میں ان کا کنٹریکٹ ختم کر دیا۔ اسی طرح فاف ڈو پلیسی کو بھی دہلی کیپیٹلز نے ریلیز کیا تھا جس کے بعد دونوں کھلاڑی پی ایس ایل سے وابستہ ہوگئے ہیں۔
پی سی بی نے معین علی کی شمولیت کو لیگ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معین علی تجربہ کار اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ہیں جن کی موجودگی پی ایس ایل کے مقابلوں کے معیار کو مزید بہتر بنائے گی۔
معین علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پی ایس ایل کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں مقابلے بہت سخت ہوتے ہیں بہترین کھلاڑی شامل ہوتے ہیں اور یہاں کھیل کر ہمیشہ کچھ نیا سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا معیار اور دنیا بھر میں اس کی شہرت دیکھ کر یہ فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی نے اب تک پی ایس ایل 11 کے شیڈول اور میچز کے مقامات کا اعلان نہیں کیا جبکہ دو نئی ٹیموں کو لیگ میں شامل کرنے پر بھی کام جاری ہے۔