پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پھر سے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ ہاکی کے اہم میچز کھیلنے کے لیے آج رات ارجنٹینا روانہ ہوگی۔
کھلاڑیوں کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ اب تک یہ طے نہیں کر پائے کہ پرو ہاکی لیگ کے دوران کتنا ڈیلی الاؤنس ملے گا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنے ضابطے کے حساب سے 40 ڈالر فی پلیئر ڈیلی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پلیئرز کو تقریباً 100 ڈالر یعنی 28 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس دیتی ہے۔
کھلاڑیوں کو دوسری پریشانی یہ ہے کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے جو کیمپ لگایا گیا اس کے ڈیلی الاؤنسز بھی اب تک ان کو نہیں دیے گئے ہیں اور جو حالیہ بنگلادیش میں کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کھیل کر آئے تھے اس کے تربیتی کیمپ کے اور سیریز کے پیسے بھی اب تک کھلاڑیوں نہیں دیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ فی الحال صورتحال پھر سے پرانے حالات پر آگئی ہے جب کھلاڑیوں کو اپنے ڈیلی الاؤنسز اور فیس کے لیے مارے مارے پھرنا پڑتا تھا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پی ایس بی نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ اب کھلاڑیوں کو کوئی مالی مشکلات پیش نہیں آئیں گی لیکن وہ دعویٰ اب تک غلط ثابت ہوا ہے۔
پاکستان کی پرو لیگ ہاکی اسکواڈ کے نمایاں کھلاڑیوں میں کپتان عماد شکیل منیب الرحمٰن عبداللہ اشتیاق سفیان خان عبدالمنان محمد عبداللہ ارشد لیاقت ابوبکر حنان شاہد وحید رانا ولید شامل ہے۔