رواں سال کا آخری سپر مون جسے دسمبر کا "کولڈ مون" بھی کہا جاتا ہے 4 اور 5 دسمبر کی رات پاکستان بھر میں دیکھا جا سکے گا۔ اسپارکو کے مطابق یہ سپر مون غیر معمولی طور پر روشن اور قدرے بڑا نظر آئے گا کیونکہ اس دوران چاند اپنی مدار کے اس حصے میں ہوگا جہاں وہ زمین کے سب سے قریب آجاتا ہے۔
اسپارکو نے بتایا کہ دسمبر کا یہ کولڈ مون سال 2024 کا تیسرا اور آخری سپر مون ہے۔ سپر مون 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا، اس وقت چاند 99.8 فیصد روشن حالت میں دکھائی دے گا۔
چاند 4 دسمبر کو شام 4 بج کر 58 منٹ پر 99 فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ سپر مون عام فل مون کے مقابلے میں تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔
اس دوران زمین اور چاند کا درمیانی فاصلہ کم ہو کر 357,218 کلومیٹر رہ جائے گا۔ اسپارکو کا کہنا ہے کہ سپر مون سال میں عموماً تین سے چار مرتبہ دیکھا جاتا ہے اور صاف موسم کی صورت میں عوام بغیر کسی دوربین یا خصوصی آلات کے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔
آسمان کا یہ شاندار نظارہ موسم صاف ہونے کی صورت میں پورے پاکستان میں نمایاں طور پر دکھائی دے گا۔