ضلع بنوں میں خوارج کے حملے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر سمیت ودیگر کی نمازِ جنازہ آج سی ایم ایچ بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا سید شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم اور شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم، ڈی پی او یاسر آفریدی سمیت ضلعی انتظامیہ حکام، اہلکاروں، پولیس حکام نے شرکت کرکے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی بلند درجات کیلیے دعا کی۔
اس موقع پر اعلیٰ حکام نے کہا کہ مادر وطن پر قربان ہونے والے بیٹوں پر قوم ہمیشہ ناز کرتی رہے گی۔ جنہوں نے وطن کی عزت و ناموس اور حفاظت کی خاطر، امن کے قیام اور عوام کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے دلیر و بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور اہلِ بنوں ان بہادر شہداء کو ہمیشہ عزت، احترام اور نیک دعاؤں کے ساتھ یاد رکھیں گے۔
شرکاء نے شہداء شاہ ولی، پولیس کانسٹیبل شیر رحمٰن اور سید رحمٰن، عام شہری عزیز رحمٰن کی بلند درجات اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل جبکہ زخمیوں نور مجید، رئیس خان اور محمد فہیم کی جلد صحتیابی کیلیے دعا کی۔