امریکا نے 19 ممالک کے شہریوں کی امیگریشن درخواستیں معطل کر دیں

image

امریکا نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر 19 ممالک کے شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں روک دی ہیں۔ معطل کی گئی درخواستوں میں گرین کارڈ، امریکی شہریت اور دیگر امیگریشن اسٹیٹس سے متعلق کیسز شامل ہیں۔

امریکی اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ان ممالک میں افغانستان، ایران، لیبیا، میانمار، صومالیہ، سوڈان، ترکمانستان، یمن سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ ان شہریوں کے تمام کیسز کی حتمی منظوری یا مسترد کرنے کے فیصلے تاحکمِ ثانی روک دیے گئے ہیں، حتیٰ کہ وہ افراد بھی متاثر ہوئے ہیں جو امریکی شہری بننے کے قریب تھے۔

رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا پس منظر گزشتہ ہفتے پیش آنے والا وہ واقعہ ہے جس میں ایک افغان شہری نے وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کرکے ایک نیشنل گارڈ اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا تھا۔ واقعے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت ترین امیگریشن پالیسیوں کا اعلان کیا جس کے تحت افغانستان سے سفر کرنے والے افراد کے ویزے اور اسائلم درخواستوں پر بھی فیصلے روک دیے گئے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے مہاجرین، خصوصاً افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی اسکریننگ اور آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی مزید سخت کر دی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US