پاکستان کے مایاناز وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان آسٹریلیا میں ہونے والی بگ بیش لیگ میں بھرپور انداز میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ پانچ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ اس ہفتے اسٹریلیا روانہ ہوں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بابراعظم، رضوان، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی جیسے کھلاڑی بگ بیش لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے سلیکٹرز کو یہ ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ٹیم کے لیے بااثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
رضوان میلبرن رینیگیٹس کی ٹیم کے لیے کھیلیں گے اور انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنے کا ہمیشہ مزہ آتا ہے کیونکہ وہاں کا معیار بہت اعلیٰ ہے، بیٹسمین اور بالرز دونوں کو پرفارم کرنے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں ملک کا نام روشن کریں اور اپنی فرنچائز کو یہ دکھائیں کہ انہیں لینے کا فیصلہ درست تھا۔