بھارت میں ایک شادی اس وقت تماشہ بن گئی جب میٹھے کی میز پر رس گلے ختم ہوئے اور معاملہ چند لمحوں میں ہنسی خوشی کی تقریب سے لڑائی جھگڑے میں بدل گیا۔ ریاست بہار کے ضلع بودھگیا میں ہونے والی اس شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے، جس نے صارفین کو حیران اور پریشان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رسموں کے بعد جب دلہا اور دلہن منڈپ کی جانب جا رہے تھے، اسی دوران خاندان کے افراد میٹھا لینے پہنچے اور پتہ چلا کہ رس گلے ختم ہو چکے ہیں۔ معمولی سی بات پر پہلے تلخ جملے بولے گئے، پھر بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور پورا ہال شور میں ڈوب گیا۔
ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید مناظر میں دونوں خاندان ایک دوسرے پر کرسیاں اچھالتے، مکے برساتے اور دھکے دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ 29 نومبر کو پیش آنے والا یہ واقعہ نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہوا بلکہ لوگوں کے لیے ناقابلِ یقین بھی تھا کہ میٹھے کی کمی اتنا بڑا تنازع کھڑا کر سکتی ہے۔
لڑائی کے اختتام پر دلہن کے اہلِ خانہ نے دلہا کے گھر والوں کے خلاف جہیز کا مقدمہ بھی درج کروا دیا، جس کے بعد مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا۔ یہ شادی خوشی سے زیادہ انتشار اور بحث و مباحثے کا عنوان بن گئی، جس کا ذکر اب ہر پلیٹ فارم پر سنائی دے رہا ہے۔