پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہی دن میں ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا گیا۔
صوبہ بھر میں 40 ہزار 636 ٹریفک چالان جاری کیے گئے جن کی مجموعی رقم 13 کروڑ 19 لاکھ روپے بنتی ہے۔ یہ ملکی تاریخ میں ایک دن کے اندر عائد کیے گئے سب سے زیادہ چالان ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کے کیمرے اندھے قانون کی آنکھیں بن چکے ہیں، جن کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
نئے ٹریفک قوانین کے تحت سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں 15 ہزار 428 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 4 ہزار 388 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
قانون شکنی کرنے والے پولیس اہلکار بھی کیمرے کی آنکھ سے بچ نہ سکے۔ محکمہ پولیس کے اندرونی احتساب کے مطابق صرف 6 دن میں 2 ہزار 600 پولیس اہلکاروں کے چالان کیے گئے، جبکہ 10 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سخت قوانین کا مقصد شہریوں میں ٹریفک اصولوں کی پابندی کو یقینی بنانا اور سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا ہے۔