پاکستان–کرغزستان کا CASA-1000 منصوبہ تیز رفتاری سے آگے بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اسلام آباد میں کرغز وزیر توانائی ابراروف تالایبیک اماؤ کیوچ سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی توانائی روابط، CASA-1000 منصوبے اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سردار اویس لغاری نے کہا کہ CASA انرجی مارکیٹ کے قیام کو عمل میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مارکیٹ یورپی انرجی گرڈ کی طرز پر خطے کی توانائی کی مجموعی صلاحیت بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ CASA-1000 منصوبے کی معاشی افادیت اس وقت ہی یقینی ہوگی جب اس کے لیے عملی، حقیقی اور موسمی حالات پر مبنی حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں توانائی روابط بڑھانے کیلیے افغانستان کا استحکام انتہائی اہم ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق CASA-1000 میں پاکستان کا حصہ 2026 کے وسط تک مکمل کر لیا جائے گا۔ دونوں وزراء نے منصوبے کو مل کر آگے بڑھانے اور تکنیکی امور کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا تاکہ تمام شریک ممالک کے لیے معاشی فوائد یقینی بنائے جا سکیں۔

سردار اویس لغاری نے کرغزستان–چین ٹرانسمیشن لائن کی فزیبلٹی میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جبکہ دوطرفہ توانائی تعاون کے لیے 5 نکاتی فریم ورک سامنے رکھا۔ ملاقات میں ہائیڈرو پاور، CASA-1000 اور گرڈ انٹرکنیکشن جیسے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ CASA-1000 پر پیشرفت کے لیے افغان حکام کی شمولیت میں کرغزستان کا کردار فیصلہ کن ہے۔

کرغز وزیر توانائی نے پاکستان کی گرمجوش میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون بڑھانے اور CASA-1000 کی کامیابی کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ انہوں نے دوطرفہ توانائی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

آخر میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بشکیک میں پاکستان، کرغزستان، تاجکستان اور عالمی بینک کے ماہرین کی مشترکہ تکنیکی میٹنگ جلد منعقد کی جائے گی تاکہ CASA-1000 کے تمام تکنیکی و عملی پہلوؤں کو حتمی شکل دی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US