یورپی براڈکاسٹنگ یونین نے اسرائیل کو یورو ویژن 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس معاملے پر کوئی ووٹنگ نہیں کرائی جائے گی۔ مقابلے کے دوران سیاسی اثرات سے بچنے کے لیے نئے قواعد بھی منظور کیے گئے ہیں۔
اس فیصلے کے بعد اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سلووینیا نے احتجاجاً مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اس لیے اس کی شرکت قبول نہیں۔
آئرلینڈ اور نیدرلینڈز نے غزہ میں انسانی بحران کو وجہ بتایا جبکہ سلووینیا نے فلسطینی بچوں کی بڑی تعداد میں اموات کا حوالہ دیتے ہوئے بائیکاٹ کیا۔ اسپین نے کہا کہ اسرائیل یورو ویژن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ یورو ویژن 2026 کا میوزک مقابلہ آئندہ سال مئی میں ویانا، آسٹریا میں منعقد ہوگا۔