بلوچستان: علیحدگی پسند وڈیرہ سو سے زائد ساتھیوں سمیت سرینڈر، قومی دھارے میں شامل

image

دہشت گردی کے خلاف بلوچستان حکومت کے سخت ایکشن اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی و عوام دوست وژن سے متاثر ہوکر سوئی ٹاؤن میں علیحدگی پسند مقامی رہنما وڈیرہ نور علی چاکرانی نے اپنے سو سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر انہوں نے ریاست پاکستان اور قومی پرچم کے ساتھ وفاداری کا عہد کیا اور صوبے میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کی حمایت کا یقین دلایا۔

جمعہ کو سوئی میں تاریخی اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت وزیرِ اعلیٰ کے بھائی میر آفتاب احمد بگٹی نے کی، جبکہ بگٹی قوم کے عمائدین معززین، نوجوان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر آفتاب احمد بگٹی نے ہتھیار ڈالنے والے افراد کو خوش آمدید کہا اور پیغام دیا کہ جو لوگ اب بھی پہاڑوں میں بھٹکے ہوئے ہیں اور بیرونی عناصر کے اثر و رسوخ میں ہیں وہ واپس آکر قومی دھارے میں شامل ہوں اور ڈیرہ بگٹی اور بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور پرامن مستقبل کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

تقریب میں ٹاؤن چیئرمین سوئی عزت اللہ امان بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی کی عوام دوست پالیسی اور امن قائم رکھنے کے عزم کا نتیجہ ہے، اور اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بلوچستان میں ہر شہری کے لیے ترقی، تحفظ اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں کے خلاف حکومت کے سخت اقدامات اور عوام دوست پالیسی کے ثمرات سامنے آرہے ہیں، جو ثابت کرتا ہے کہ مضبوط قیادت، عوامی تعاون اور مستقل عزم کے ذریعے بلوچستان میں دیرپا امن اور ترقی ممکن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US