کراچی میں بجلی و گیس بحران، سینیٹ اجلاس میں کے الیکٹرک پر کڑی تنقید

image

کراچی میں بڑھتی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ سینیٹ کے اجلاس میں ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا، جہاں ارکان نے کے الیکٹرک اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے عوامی اہمیت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک ملک کی واحد نجی بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ہے، مگر کراچی میں ہفتے کے 3 سے 4 روز تک مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحران چند علاقوں تک محدود نہیں بلکہ پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔

سینیٹر وقار مہدی نے گیس کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گیس کی بندش بھی مستقل مسئلہ بن چکی ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

سینیٹر مسرور احسن نے بھی ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے ذمے پونے تین کھرب روپے تک کے واجبات ہیں، لیکن عام شہری کا صرف 10 ہزار روپے کا بل جمع نہ ہو تو اس کا میٹر فوراً کاٹ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان قریب ہے، اور ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی سحری و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے سامنے آئیں گے، مگر اس بحران کا مستقل حل نکالنا ضروری ہے۔

ارکانِ سینیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بجلی اور گیس کی طویل بندش کے مسئلے کا فوری اور مؤثر حل نکالا جائے تاکہ عوام کو مسلسل مشکلات سے نجات مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US