ناراض افراد ہتھیار ڈالیں، ریاست کی طاقت ہر چیز سے اہم ہے، سرفراز بگٹی

image

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں ناراض افراد نے ہتھیار ڈالنا شروع کر دیے ہیں اور ریاست کی طاقت و مضبوطی ہر چیز سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال پیراملٹری فورسز کے 205 اہلکار اور سویلین 280 افراد دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد قوم پر اپنا نظام مسلط نہیں کر سکتے اور ہم نے سات گنا بڑے دشمن کو بدترین شکست دی ہے۔ 100 سے زائد دہشت گرد ریاست کے سامنے سرینڈر کر چکے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی گئی، لیکن ریاست نے معافی کا دروازہ کھلا رکھا ہے اور ہتھیار اٹھانے والوں سے اپیل ہے کہ وہ سرینڈر کر دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ریاست اور فیلڈ مارشل کے خلاف بیانیہ بنایا گیا ہے، لیکن ہم اپنی فورسز کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہمیں ریاست کو کمزور کرنے والے بیانیے کو ترک کرنا ہوگا، اور خود کو مقبول لیڈر کہنے والے کے بیٹے لندن میں ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ ریاست کی ہے۔ ریاست مضبوط ہوگی تو سیاست بھی ہوگی اور صحافت بھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہمیں اپنے رویے میں تبدیلی کی ضرورت نہیں؟


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US