راولپنڈی: دفعہ 144 میں 10 دسمبر تک توسیع، جلسے جلوسوں پر مکمل پابندی

image

راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر شہر میں پہلے سے نافذ دفعہ 144 میں 10 دسمبر 2025 تک توسیع کر دی ہے۔ اس حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر پورے ضلع میں ہوگا۔

انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیاں، احتجاج، عوامی اجتماعات اور سیاسی یا مذہبی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی جماعت یا گروہ کو کسی مقام پر عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی اقدامات میں تعاون کریں اور غیر ضروری ہجوم یا اجتماعات سے گریز کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے دوران اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US