اسلام آباد کی مقامی عدالت میں حقیقی آزادی مارچ سے متعلق کیسز کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعلیٰ اور پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو مقدمات میں اُن کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں سماعت کے دوران ملزم کی عدم موجودگی پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ بارہا عدم حاضری عدالتی کارروائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو مکمل اطلاع دی گئی تھی، اس کے باوجود وہ حاضر نہیں ہوئے۔
عدالت نے ملزم کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو پیش رفت سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ کیس کی مزید سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالتی حکم کے مطابق پولیس ملزم کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی اور آئندہ سماعت سے قبل رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گی۔