پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشق "وارئیر-IX" اٹھائیس نومبر سے 14 دسمبر تک جاری رہے گی۔ یہ دو ہفتوں پر محیط مشق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان انٹرآپریبلٹی کو بڑھانے اور فوجی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔
آج نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ڈسٹنگوشڈ وزٹرز ڈے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی دونگ بطور چیف گیسٹ شریک ہوئے۔ چین کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کے دوران معزز مہمانوں کو مشق کے مقاصد، دائرۂ کار اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شریک افواج نے مختلف انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے عملی مظاہرے پیش کیے جنہیں چینی اور پاکستانی وفود نے سراہا۔ شرکاء نے دونوں ممالک کے جوانوں کے پروفیشنل ازم، آپریشنل مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔
مشترکہ مشق "وارئیر-IX" پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کی عکاس ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔