امریکا میں ڈیموکریٹک قانون سازوں نے جنسی جرائم میں سزا یافتہ ارب پتی جیفری ایپسٹین کے اثاثوں سے حاصل کی گئی تصاویر کا نیا مجموعہ جاری کر دیا ہے جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق صدر بل کلنٹن اور دیگر دنیا کی بااثر شخصیات شامل ہیں۔
ایوانِ نمائندگان کی اوور سائٹ کمیٹی کے ڈیموکریٹ ارکان کے مطابق یہ تصاویر ایپسٹین اور طاقتور افراد کے درمیان تعلقات پر مزید سوالات کو جنم دیتی ہیں۔ تصاویر میں ٹرمپ کے سابق مشیر اسٹیو بینن، سابق امریکی وزیرِ خزانہ لیری سمرز، فلم ڈائریکٹر ووڈی ایلن، برطانوی شاہی خاندان کے سابق رکن اینڈریو، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ورجن گروپ کے سربراہ رچرڈ برانسن بھی دکھائی دیتے ہیں۔
اگرچہ تصاویر پر تاریخ درج نہیں اور کسی غیر قانونی سرگرمی کے واضح شواہد موجود نہیں، ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ یہ مناظر ایپسٹین کے بااثر حلقوں تک رسوخ کے بارے میں تشویش پیدا کرتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے تصاویر کے اجرا کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹس نے منتخب تصاویر جاری کر کے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔ صدر ٹرمپ نے بھی تصاویر کو غیر اہم قرار دیا اور کہا کہ ایپسٹین پام بیچ میں ہر کسی سے ملتا تھا اور سینکڑوں افراد کے پاس اس کے ساتھ تصاویر موجود ہیں۔
بل کلنٹن کی تصاویر میں ایپسٹین کے ساتھ گھسلین میکسویل بھی دکھائی دیتی ہیں، جو نابالغ لڑکیوں کی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم میں سزا کاٹ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2008 میں نابالغ لڑکیوں سے جنسی تعلقات کے جرم میں سزا یافتہ تھا اور 2019 میں نیویارک میں بچوں کی جنسی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ہوا، تاہم مقدمے سے قبل جیل میں مردہ پایا گیا جسے خودکشی قرار دیا گیا۔