خیبرپختونخوا امن جرگہ 2025 کا اعلامیہ وزیراعظم کو ارسال

image

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے منعقدہ خیبرپختونخوا امن جرگہ 2025 کے متفقہ اعلامیے کو وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو ارسال کر دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ جرگہ صوبائی اسمبلی کے منتخب نمائندگان، مختلف سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے منعقد کیا گیا جس کا مقصد صوبے میں امن، استحکام اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔

امن جرگہ میں شریک تمام فریقین کے اتفاقِ رائے سے ایک مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا جسے صوبے میں امن و استحکام کے لیے رہنما فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپنے خط میں کہا کہ صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سیکیورٹی اس مشاورتی عمل کو آئندہ بھی جاری رکھے گی اور سیکیورٹی اداروں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔

مزید برآں اسپیکر نے وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ اعلامیے کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کے لیے تعاون فراہم کیا جائے تاکہ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US