سی ویو کے قریب شہری قتل، پولیس کانسٹیبل گرفتار

image

کراچی سی ویو کے قریب گاڑی میں شہری کو گولی مار کر قتل کرنے کے واقعے میں ساؤتھ پولیس نے 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اسرار کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس کانسٹیبل اور فارن سیکیورٹی سیل میں تعینات ہے جبکہ سول لائنز میں رہائش پذیر ہے۔ واردات کے وقت ملزم پولیس یونیفارم میں مقتول کے ساتھ گاڑی میں موجود تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول اور ملزم گزشتہ 10 سال سے دوست تھے اور پلاٹوں کی خرید و فروخت کے کاروبار سے بھی وابستہ تھے۔ دونوں کے درمیان مالی معاملات پر تنازع چل رہا تھا جبکہ بعض پلاٹوں کی فائلیں بھی ملزم کے پاس موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کے روز مقتول نے رات 12 بجے بیچ ویو کلب سے ملزم کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور دونوں فیز 8 کی جانب روانہ ہوئے۔ راستے میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران ملزم نے مقتول پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے مقتول موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم نے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی، جبکہ گاڑی کچھ فاصلے پر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر رک گئی۔ ملزم جائے وقوعہ سے پیدل کچے راستے سے ایک مقام تک پہنچا اور وہاں ایک شہری سے لفٹ لے کر فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا ہے۔ فائر آرمز انچارج کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے خول برآمد شدہ اسلحے سے میچ ہوئے ہیں تاہم حتمی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے دوران تفتیش متضاد بیانات دیے جا رہے ہیں اور قتل کے محرکات سمیت واقعے کے مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم پولیس میں بھرتی ہونے سے قبل مقتول کا سیکیورٹی گارڈ بھی رہ چکا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم پر منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے، جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US