پی ٹی آئی سے منسلک تشدد پر اکسانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، پاکستان کا برطانیہ کو خط

image

حکومتِ پاکستان نے برطانوی حکومت کو خط لکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق یہ خط برطانوی ہوم آفس کو ارسال کیا گیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پلیٹ فارمز سے مسلسل اشتعال انگیز اور پرتشدد مواد پھیلایا جا رہا ہے۔

خط میں خاص طور پر ایک وڈیو کا حوالہ دیا گیا ہے جو پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے گردش میں ہے جس میں آرمی چیف کے قتل کی کھلے عام ترغیب دی جا رہی ہے۔ حکومتِ پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ مواد نہ تو سیاسی تنقید کے زمرے میں آتا ہے اور نہ ہی اظہارِ رائے بلکہ یہ ایک اقوامِ متحدہ کے رکن ملک کی اعلیٰ فوجی شخصیت کے قتل پر براہِ راست اکسانے کے مترادف ہے۔

حکومت نے خط میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ پلیٹ فارمز سے مسلسل تشدد، نفرت اور بدامنی کی کالز دی جا رہی ہیں جو پاکستان کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اس تناظر میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے عناصر کی شناخت، تحقیقات اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس سے منسلک نیٹ ورکس کے کردار کی جامع تحقیقات کی جائیں اور پاکستان میں تشدد پر اکسانے اور بڑے پیمانے پر بے امنی پھیلانے کے باعث پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ کن قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے جس میں پابندی عائد کرنے کا آپشن بھی شامل ہو۔

حکومتِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف تشدد، دہشت گردی اور عدم استحکام کے لیے استعمال نہ ہو۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر برطانیہ کا ردعمل اس کے انسدادِ دہشت گردی، بین الاقوامی قوانین اور ذمہ دار ریاستی طرزِ عمل کے عزم کا امتحان ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US