نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران دو افراد کو قتل کرنے والے دو مرکزی ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا، جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت وقار نوناری اور اچھو نوناری کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ڈاکو محراب پور میں پیش آنے والی سنگین ڈکیتی واردات میں ملوث تھے، جس میں بینک سے رقم لے کر جانے والے شہری کو لوٹ کر گولیاں مار دی گئی تھیں، جبکہ تعاقب کرنے والے ایک اور شہری کو بھی قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو، غلام شبیر شر ایڈووکیٹ اور عمران مغل کے قتل کے مرکزی ملزمان تھے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کافی عرصے سے تلاش میں تھی۔ پولیس کے مطابق مسلح ڈاکو محراب پور کے علاقے گودو نہر کے قریب ایک اور ڈکیتی واردات کے ارادے سے موجود تھے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا گھیراؤ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، گولیاں اور دیگر مشتبہ سامان برآمد کرلیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔