پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پاک فوج کے بہادر افسر میجر عدیل زمان جامِ شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ انہوں نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں جان قربان کردی۔ شہید افسر کی جرات اور قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔