نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عبدی علی سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے صومالیہ کے استحکام کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔
گفتگو کے دوران صومالی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مستقل سفارتی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں صومالیہ کے تحفظات اجاگر کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔ اس پر اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر صومالیہ کی حمایت جاری رکھے گا۔