وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن چیلنج

image

جماعتِ اسلامی نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے جماعتِ اسلامی کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر امیر جماعتِ اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا اپنے وکیل چوہدری شعیب احمد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران وکیلِ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے قبل لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو بھی چیلنج کیا جا چکا ہے، جبکہ اب الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ہی واپس لے لیا ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے جن کی آئینی مدت پانچ سال مکمل ہو چکی ہے۔ قانون کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کرانا لازم ہے، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔ مزید استدعا کی گئی کہ چونکہ مرکزی کیس 27 جنوری کو مقرر ہے، اس لیے اس وقت تک الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US