وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ بریل کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بصارت سے محروم افراد کیلیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا اظہار کیا ہے۔
جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ لوئس بریل کے متعارف کردہ انقلابی لمس پر مبنی تحریری نظام نے دنیا بھر میں لاکھوں بصارت سے محروم افراد کیلیے تعلیم، معلومات تک رسائی اور باوقار زندگی کے نئے مواقع پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسی نظام کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2018 میں 4 جنوری کو عالمی یومِ بریل قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بصارت سے محروم افراد نے بریل کو اپناتے ہوئے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صلاحیت اور محنت ہر رکاوٹ پر قابو پا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان بصارت سے محروم افراد سمیت تمام معذور افراد کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ایک جامع و منصفانہ معاشرے کے قیام کیلیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد پاکستان میں مختلف شعبوں، بشمول مقابلے کے امتحانات، میں بھرپور خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ کی افسر اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان مشن میں خدمات انجام دینے والی سائما سلیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں حوصلے، صلاحیت اور قومی وقار کی روشن علامت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن (UNCRPD) کا رکن ہے اور 2023 میں مراکش معاہدے کی توثیق بھی کر چکا ہے، جس کے تحت بصارت سے محروم افراد کیلئے اشاعتی مواد قابلِ رسائی فارمیٹس میں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر بریل خواندگی اور قابلِ رسائی سہولیات کے فروغ کیلیے مشترکہ کوششیں مزید مضبوط بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بطور قوم اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ کوئی بھی شہری مواقع تک رسائی سے محروم نہ رہے اور ہر فرد، بصارت کی صلاحیت سے قطع نظر، پاکستان کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کر سکے۔