نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں قومی شاہراہ کے قریب واقع ٹول پلازہ کے مقام پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں مویشیوں سے بھرا ٹریلر الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں تقریباً 300 بکریاں ہلاک ہو گئیں جبکہ ٹریلر میں سوار پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ٹریلر حیدرآباد سے پنجاب جا رہا تھا کہ راستے میں قاضی احمد کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکواٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی جزوی طور پر متاثر رہی۔ ریسکیو حکام اور موٹروے پولیس کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ٹریفک اور سڑک کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔