محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی آئندہ چند روز میں یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سرد موسم برقرار رہے گا اور دن کے اوقات میں تیز اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو شدید ٹھنڈ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم سرد ہواؤں کے تسلسل کے باعث درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق شمالی علاقوں سے آنے والی سرد ہوائیں موسم کو مزید خشک اور سرد بنا سکتی ہیں۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ کشمیر کے علاقے نیل فیری میڈوز میں جھیل مکمل طور پر جم گئی ہے جبکہ درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر، چلاس اور دیامر میں نانگا پربت، بابوسر اور بٹوگا کے پہاڑوں پر برفباری ہوئی ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو سردی سے بچاؤ کے لیے گرم لباس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔