ملک بھر میں موسمی خرابی اور شدید دھند کے باعث مختلف ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے 12 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 آدھا گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی، جبکہ فیصل آباد، لاہور اور پشاور جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں۔ نجی ایئر لائن کی کراچی سے فیصل آباد کی پرواز 810 دو گھنٹے تاخیر کے بعد ساڑھے 11 بجے روانہ ہونے کے لیے شیڈول کی گئی۔ اسی طرح کراچی سے لاہور کی پرواز 143 دو گھنٹے تاخیر سے دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہوگی، جبکہ پشاور کی پرواز 865 دو گھنٹے تاخیر سے 2 بج کر 45 منٹ پر شیڈول ہے۔
دوسری جانب سیالکوٹ ایئرپورٹ پر دبئی اور مسقط سے آنے والی غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں بھی دو گھنٹے تاخیر سے دوپہر ایک بجے لینڈ کریں گی۔ ملتان ایئرپورٹ سے پی آئی اے اور غیر ملکی ایئر لائنز کی متعدد پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق دھند کی صورتحال بہتر ہونے پر فلائٹ آپریشن معمول پر آنے کا امکان ہے، مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کرلیں۔