این اے 130 سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آگیا ہے جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی طرف سے دائر کردہ نواز شریف کے خلاف الیکشن پٹیشن مسترد کر دی گئی۔
فیصلے کے مطابق نواز شریف کے وکیل نے پٹیشن کی قانونی حیثیت پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ پٹیشن قانونی تقاضے پورے کیے بغیر دائر کی گئی اور اس پر یاسمین راشد کے دستخط بھی موجود نہیں تھے۔
ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں کہا کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 144 کے تحت پٹیشن دائر کرتے وقت تمام قانونی لوازمات پورے کرنا ضروری ہیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یاسمین راشد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پٹیشن کے ساتھ تمام ثبوت اور رسیدیں منسلک کی گئی تھیں مگر درخواست کے ساتھ لگایا گیا بیان حلفی گم ہوگیا۔ تاہم ٹریبونل نے واضح کیا کہ بیان حلفی کے گم ہونے کی وضاحت قانون کے مطابق پٹیشن کی قانونی کمی کو پورا نہیں کرتی۔
ٹریبونل کے مطابق الیکشن پٹیشن دائر کرتے وقت تمام قانونی تقاضے پورے کرنا لازمی ہیں اور یہ شرط پوری نہ ہونے کی وجہ سے پٹیشن کو مسترد کیا گیا۔