وفاقی حکومت کا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ، ہیسکو اور سیپکو کی نجکاری کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (HESCO) اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (SEPCO) کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹرانزیکشن کمیٹیاں قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس دوران ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (HBFC) کی نجکاری کے موجودہ عمل کو ختم کرتے ہوئے اس کے 51 فیصد حصص کی نیلامی کا عمل ازسرِنو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی اجلاس میں پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی کے لیے موصول ہونے والی 4.2 ارب روپے کی بولی کو مقررہ ریفرنس قیمت سے کم ہونے کے باعث مسترد کر دیا گیا۔ مزید برآں، نجکاری کمیشن بورڈ نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کی اور فیصلہ کیا کہ ایئرپورٹ کی نجکاری کنسیشن ماڈل کے تحت اوپن بولی کے ذریعے کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US