سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں رواں برس ریکارڈ انعامی رقم دینے کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 5 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ (111.5 ملین آسٹریلین ڈالر) انعامات کی صورت میں تقسیم کیے جائیں گے۔
بی بی سی کے مطابق یہ رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے اور ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم سمجھی جا رہی ہے۔
ٹینس آسٹریلیا کے مطابق سنگلز مقابلوں کے مرد و خواتین چیمپئنز کو 41.5 لاکھ آسٹریلین ڈالر (تقریباً 20.5 لاکھ پاؤنڈ) ملیں گے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔
اس کے علاوہ سنگلز اور ڈبلز کے تمام کھلاڑیوں کی انعامی رقم میں کم از کم 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کریگ ٹائلی نے کہا کہ یہ اضافہ ہر سطح پر ٹینس کھلاڑیوں کے کیریئر کو سپورٹ کرنے کے عزم کا مظہر ہے اور اس سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح کے کئی نمایاں کھلاڑی انعامی رقم میں مزید اضافے اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے مطالبات کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود آسٹریلین اوپن کی جانب سے کیا گیا یہ اضافہ ٹینس حلقوں میں مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس اضافے کے بعد آسٹریلین اوپن کی مجموعی انعامی رقم وِمبلڈن اور فرنچ اوپن سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ صرف یو ایس اوپن اب بھی اس فہرست میں سب سے آگے ہے۔
آسٹریلین اوپن کا آغاز 18 جنوری کو میلبورن میں ہوگا، جہاں دنیا بھر کے صفِ اول کے کھلاڑی شرکت کریں گے اور شائقین کو اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔