پاکستان تحریکِ انصاف کے 14 سینیٹرز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیدی تنہائی ختم کرنے، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو طویل عرصے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جو بنیادی انسانی حقوق اور آئینِ پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔
سینیٹرز نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ قیدیوں کو جیل قوانین کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں اور ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ قید تنہائی نہ صرف ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثر ڈالتی ہے بلکہ یہ غیر انسانی سلوک کے زمرے میں بھی آتی ہے۔ عدالت سے فوری سماعت اور ریلیف کی اپیل کی گئی ہے۔