قومی اسمبلی میں سانحہ گل پلازہ پر گرما گرم بحث

image

قومی اسمبلی میں سانحہ گل پلازہ کی گونج سنائی دی جہاں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے پر شدید تنقید کی۔ ایم کیو ایم نے سانحہ گل پلازہ کا ذمہ دار صوبائی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔

اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان نے جواب دیا کہ ایم کیو ایم ہر دور میں صوبائی حکومت کا حصہ رہی ہے، اس لیے وہ بھی برابر کی ذمہ دار ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سانحہ بلدیہ فیکٹری کا حوالہ بھی دیا گیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے واقعے کو قومی سانحہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور میئر کراچی جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچے، کسی نہ کسی کو اس سانحے کی ذمہ داری لینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں کا ذکر کر کے ذمہ داری سے نہیں بچا جا سکتا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ ایک افسوسناک حادثہ تھا، تاہم ہر حادثے میں وزیر اعلیٰ کا جائے وقوعہ پر جانا ضروری نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا موازنہ کسی مجرمانہ کارروائی سے نہیں کرنا چاہیے۔

شہلا رضا کا کہنا تھا کہ آگ تو کیلیفورنیا کے جنگلات میں بھی لگی جو گھروں تک پھیل گئی، ایسے واقعات دنیا بھر میں پیش آتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US