غزہ ’بورڈ آف پیس‘ معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف کے دستخط

image

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ اہتمام قائم ہونے والے غزہ ’بورڈ آف پیس‘ (Board of Peace) کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

دستخطی تقریب میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، قطر، ہنگری، انڈونیشیا، قازقستان، ازبکستان، اردن، بحرین، مراکش، آرمینیا، ارجنٹائن، کوسوو، پیراگوئے، منگولیا، آذربائیجان اور بلغاریہ نے بھی شمولیت کے چارٹر پر دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ ختم ہونے والی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور انہوں نے دونوں کے درمیان جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے ایک یا دو کروڑ انسانوں کی جانیں بچائی ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق انہوں نے گزشتہ 10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، شام کے صدر سے بات چیت کے بعد شام پر عائد تمام پابندیاں ہٹائیں اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی کا بھی اظہار کیا۔

بورڈ آف پیس کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق غزہ بحران کا حل، مستقل جنگ بندی، علاقے کی تعمیرِ نو اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق، ریاستی حیثیت اور حقِ خودارادیت کا تحفظ ہے۔

پاکستان کی اس بورڈ میں شمولیت کو ایک تاریخی اور حقیقت پسندانہ قدم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان امریکا، چین اور روس سمیت بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات رکھتا ہے اور عالمی سطح پر پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اصولی مؤقف اختیار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US