پنجاب حکومت کا ریوائزڈ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کا اعلان

image

پنجاب حکومت نے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کیلیے تمام صوبائی اداروں کے ساتھ مشترکہ ایکشن پر اتفاق کرلیا ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم اور ہارڈ دی اسٹیٹ پالیسی کے تحت ریوائزڈ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کمیٹی پنجاب کا اجلاس محکمہ داخلہ میں منعقد ہوا، جس میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ اور دیگر حساس اداروں کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں دہشتگرد تنظیموں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں غیرقانونی اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ایل پی جی کے غیرقانونی کاروبار کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا۔ پیٹرول پمپس، گیس ایجنسیوں اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حرکت کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے سیف سٹیز منصوبے کو تمام بڑے شہروں اور اہم شاہراہوں تک توسیع دینے کی منظوری دے دی ہے۔ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر جدید کیمروں اور انٹیلی جنس سسٹمز کے ذریعے نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔ بھکاری مافیا کے خلاف مربوط آپریشنز اور بیرون ملک سفر کیلیے سخت جانچ پڑتال کا نظام نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

منظم گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی اے اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں شروع ہوں گی، جبکہ اسمگلنگ، منشیات اور بجلی چوری کے نیٹ ورکس توڑنے کیلیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ ایکسائز، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس اور پولیس کے درمیان مشترکہ ڈیٹا شیئرنگ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

اجلاس میں انڈس دریا پر قائم پلوں پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام پر عملی کام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو مزید اختیارات دے دیے گئے ہیں۔

تمام سب کمیٹیوں کی سفارشات منظور کرتے ہوئے واضح اہداف اور ٹائم لائنز کے ساتھ فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی گئی۔ پنجاب حکومت نے ریاستی رٹ مضبوط بنانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US