ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، مختلف شہروں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سردی کی شدت 4 ڈگری سینٹی گریڈ کے برابر محسوس کی جارہی ہے۔
شدید سردی کے باعث کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جب کہ رات بھر تیز اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔ صبح کے وقت ورزش کے لیے پارکوں کا رخ کرنے والے شہریوں کی تعداد بھی معمول سے کم رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے.
دوسری جانب کوئٹہ میں موسم مزید سخت ہوگیا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سردی کی شدت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جارہی ہے۔
اسی طرح چمن میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جہاں سردی منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے برابر محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک سردی کی یہ لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔