متنازع ٹویٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ گرفتار

image

اسلام آباد میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں کو سرینہ چوک انڈر پاس کے قریب گاڑی رکوا کر حراست میں لیا گیا۔

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار سے ڈسٹرکٹ کورٹ جا رہے تھے اور دونوں اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی وین میں سوار تھے۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور منظور ججہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ان کے شوہر نے اپنے مؤقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے مؤقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اور چاہے جیل ہی جانا پڑے، مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں ٹرائل کورٹ کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو موجودہ کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گواہوں پر جرح کے لیے چار دن کا وقت دیا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر وہ ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش نہ ہوئے تو یہ آرڈر ختم تصور ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US