اسلام آباد ایئرپورٹ پر دیانت داری کی اعلیٰ مثالیں، گمشدہ نقدی اور قیمتی زیورات مسافروں کو واپس

image

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عملے کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے دو شاندار واقعات سامنے آئے ہیں جہاں مسافروں کی گمشدہ نقدی اور قیمتی اشیاء مکمل طور پر برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دی گئیں۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق پہلے واقعے میں مدینہ منورہ سے آنے والی ایک مسافرہ کی درخواست پر ایئرپورٹ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سونے کا قیمتی ہار برآمد کیا، جس کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ برآمدگی کے بعد ہار مسافرہ کے حوالے کر دیا گیا جس پر مسافرہ نے ایئرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

دوسرے واقعے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کے ملازم عبدالشفیق کو ایک مسافر کا قیمتی پاوچ ملا، جس میں 10 ہزار امریکی ڈالر، 5 ہزار سعودی ریال اور دیگر اہم اشیاء موجود تھیں۔ عبدالشفیق نے دیانت داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاوچ فوری طور پر متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا۔

ایئرپورٹ عملے نے مسافر کو تلاش کر کے اسے ایئرپورٹ بلایا اور تمام سامان محفوظ طریقے سے واپس کر دیا۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے دیانت دار ملازم عبدالشفیق کی تعریف کی گئی جبکہ اس کے لیے نقد انعام کا بھی اعلان کیا گیا۔

پی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعات اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے کی دیانت داری، پیشہ ورانہ رویے اور مسافروں کے اعتماد کی مضبوط مثال ہیں، اور ایسے اقدامات ادارے کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US