قومی اسمبلی کی اپوزیشن لابی میں آج ہلچل دیکھنے کو ملی جب اراکین اقبال آفریدی اور خرم شہزاد کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق، دونوں اراکین بحث کے بعد لابی سے باہر آئے، جہاں نثار جٹ نے اقبال آفریدی کو واپس لے جانے کی کوشش کی، مگر انہوں نے جانے سے انکار کردیا۔
اقبال آفریدی نے کہا کہ آپ لوگوں کا کوئی طریقہ ہے، میں اپوزیشن لابی میں نہیں بیٹھوں گا۔ بعد ازاں نثار جٹ نے انہیں منا کر اندر لے جانے میں کامیابی حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق اراکین اپوزیشن لابی میں اکٹھے ہوگئے اور دونوں ارکان کی صلح کروانے کی کوششیں جاری رہیں۔ اس دوران اقبال آفریدی نے خرم شہزاد کو ٹاؤٹ کہا، جس پر جھگڑا شروع ہوگیا۔ اقبال آفریدی آگے بڑھ آئے لیکن دیگر اراکین بیچ بچاؤ کرانے میں مصروف ہوگئے۔ خرم شہزاد کو پارلیمنٹ کے اندر لے جایا گیا جبکہ اقبال آفریدی باہر صحافیوں کے سامنے لڑائی کرتے رہے۔
اقبال آفریدی نے اس موقع پر بیرسٹر گوہر پر بھی تنقید کی اور کہا کہ آپ کی وجہ سے ہی سارے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔