پنجاب حکومت کا ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

image

پنجاب حکومت نے بے روزگاری کے خاتمے اور زرعی شعبے کے فروغ کیلیے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں زرعی مقاصد کیلیے سرکاری زمین کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی، جس کے تحت 50 ہزار افراد کو کاشت کیلیے سرکاری اراضی دینے کیلیے اقدامات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں اور بے روزگار افراد کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اجلاس کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ اضلاع کے بعد تحصیلوں میں بھی گرین بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ الیکٹرو بس سروس کیلیے ایک ہزار نئی گرین بسیں منگوانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 25 مارچ سے الیکٹرو بسوں میں کیش لیس ادائیگی کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے ٹی کیش کارڈ اور بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کے نظام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ کیش ادائیگی کی صورت میں مسافروں کو زیادہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔

صوبائی حکومت کے مطابق یہ اقدامات جدید، ماحول دوست اور عوامی سہولیات پر مبنی پنجاب کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US