قانون سازی غیر اسلامی قرار، 18سال سے کم عمر جوانوں کی شادیاں کراؤں گا، فضل الرحمان

image

سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ میں 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی قانون سازی کو غیر اسلامی سمجھتا ہوں، میں آپ کے قانون کی خلاف ورزی کروں گا، 18سال سے کم عمر جوانوں کی شادیاں کراؤں گا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے کہاکہ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ آپ دباؤ میں ہیں۔ جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ یہ ایسی کرسی ہے جس سے نہ حکومت خوش ہوتی ہے نہ اپوزیشن۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ میں 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی قانون سازی کو غیر اسلامی سمجھتا ہوں، اس قانون سازی کو اسلامی نظریاتی کونسل بھیجتے تو اچھا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے قانون کی خلاف ورزی کروں گا، 18سال سے کم عمر جوانوں کی شادیاں کراؤں گا، میں اپنا شدید احتجاج ایوان میں ریکارڈ کرا رہا ہوں، ہم ایسے قوانین اس ملک میں نہیں چلنے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ میں آپ کے اس مائنڈ سیٹ کے خلاف ہوں جس نے یہ قانون بنایا، یہ ڈنگ ٹپاؤ کی سیاست مناسب نہیں۔

غزہ امن بورڈ سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر پیس بورڈ کے نکات میں تبدیلیاں ہوئیں تو آپ کیوں گئے، ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کی قوت جارحیت کو تقویت دے رہا ہے، ٹرمپ حماس کو دھمکیاں دے رہا ہے، امریکا نے افغانستان، عراق، لیبیا کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل ایران پر حملہ کرنے کے بعد تفتان کی سرحد پر کھڑا ہوگا، اسرائیل کے پہلے صدر نے کہا تھا ہماری اساس ایک نوزائیدہ اسلامی ریاست کا خاتمہ ہوگا، ارادے واضح ہیں۔

انہوں نے تنقید کی کہ ایسے فورم میں جا رہے ہیں جس کا آغاز دھمکیوں سے ہو رہا ہے، پاکستان کے پاسپورٹ میں اسرائیل جانے پر پابندی کیوں ہے، ہمیں امن چاہیے لیکن کوئی اصول ہوتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہرطرف معاشی ترقی ہورہی ہے، صرف پاکستان ڈوب رہا ہے، وزیراعظم نے پارلیمنٹ اور کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US