گل پلازہ کو 90 فیصد تک کلیئر کر لیا گیا، لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل تاحال جاری

image

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے گل پلازہ کا ملبہ بڑی حد تک ہٹا دیا ہے تاہم اب بھی 10 سے 11 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران عمارت کے ملبے سے 4 ڈی وی آر برآمد ہوئے ہیں، جن سے سانحے کی وجوہات جاننے میں اہم شواہد ملنے کا امکان ہے۔

ملبہ اٹھانے کے دوران ڈیڑھ کلو سونا بھی ملا جو متعلقہ دکان کے مالک کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ تہہ خانے میں واقع ایک دکان سے ایک لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد ہوئی جسے مالک کو واپس کر دیا گیا ہے۔

ادھر پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق نے بتایا کہ گل پلازہ سے اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات لائی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاشیں شدید حد تک جل جانے کے باعث ڈی این اے کے ذریعے شناخت کا عمل پیچیدہ ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق 71 جاں بحق افراد میں سے اب تک 20 لاشوں کی ظاہری شناخت کی جا چکی ہے جبکہ 13 کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی گئی ہے۔ دوسری جانب لاپتہ افراد کی فہرست میں اب بھی 82 افراد کے نام شامل ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US