پاکستان کے بحری شعبے نے 2025 کو ترقی کا انقلابی سال بنایا، وفاقی وزیر

image

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے بحری شعبے میں ایک سالہ اصلاحاتی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے 2025 کو پاکستان کے لیے بحری ترقی کا انقلابی سال قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بحری قوانین، پالیسی سازی اور انفراسٹرکچر میں اصلاحات تیزی سے جاری ہیں، جو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ ہیں۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں بحری شعبے نے 100 ارب روپے سے زائد منافع حاصل کیا۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ "سی ٹو اسٹیل" منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے جبکہ قومی فشریز اور ایکواکلچر پالیسی پر مشاورت کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔ کراچی پورٹ نے 54 ملین ٹن کارگو ہینڈل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا اور 150 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروائی گئی، جس کی مالیت تقریباً 110 ارب روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپارکو کے تعاون سے نئی بندرگاہوں کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کا آغاز ہو چکا ہے اور بحری شعبے کی طویل المدتی ترقی کے لیے "پاکستان میری ٹائم سنچری فریم ورک" پیش کیا گیا ہے۔ وزارت بحری امور میں جدید AI سیکریٹریٹ قائم کیا گیا ہے تاکہ بندرگاہوں کی مانیٹرنگ بہتر کی جا سکے۔

کراچی اور پورٹ قاسم میں پہلی بار بنکرنگ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ فیری سروس کا آغاز کیا گیا، جس سے ساحلی علاقوں کے رابطے بہتر ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزارت میں مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پیپر لیس نظام نافذ کیا گیا ہے۔ بحری تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے پاکستان میرین اکیڈمی کو ڈگری دینے کے اقدامات جاری ہیں، اور ساحلی علاقوں کے بچوں کے لیے تعلیمی وظائف کا اینڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ٹیکس مراعات اور نجی شعبے کی شراکت داری کے باعث کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بحری شعبہ مستقبل میں قومی ترقی کا اہم ستون ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US