سانحہ گل پلازہ: چیئرمین ایم کیو ایم کا وزیراعظم کو خط، انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ

image

چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھتے ہوئے سانحہ گل پلازہ پر پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خط میں کہا ہے کہ واقعے کو سات روز گزر جانے کے باوجود اب تک کئی افراد لاپتہ ہیں اور لواحقین کو اپنے پیاروں کی لاشیں نہیں مل سکیں۔ ان کے مطابق اس آتشزدگی کے سانحے میں 12 ہزار سے زائد خاندان براہ راست متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد کی ہلاکت اور بھاری مالی نقصان کی براہ راست ذمہ دار سندھ حکومت، صوبائی محکمے اور بلدیاتی ادارے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت، میئر کراچی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور منسلک صوبائی و شہری محکمے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں یہ اندوہناک واقعہ پیش آیا۔

خط کے متن کے مطابق ایم کیو ایم کے چیئرمین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ انکوائری کمیشن کے نام سے ایک اعلیٰ سطح، غیر جانبدار اور شفاف کمیشن تشکیل دیا جائے جو حقائق سامنے لائے اور ذمہ داران کا تعین کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس کمیشن میں ایف آئی اے، نیب، این ڈی ایم اے، ایم آئی، آئی ایس آئی، اسٹیٹ بینک، نیسپاک سمیت متعلقہ شعبوں کے پروفیشنلز کو شامل کیا جائے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف کے انتظامات اپنے ہاتھ میں لیں تاکہ انسانی اعضا اور قیمتی اشیاء کو محفوظ رکھا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے وفاق کے زیر انتظام "ریلیف اور بحالی فنڈ" قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ متاثرہ خاندانوں اور لواحقین کی مالی مدد کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US